( حافظ شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پی سی بی اور آئی سی سی سے مکمل تعاون کرنے کا فیصلہ کرلیا، پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے سلیم ملک کے تعاون کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
کرکٹ فکسنگ الزامات میں سزایافتہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے بڑا فیصلہ کرلیا، 19 برس بعد سلیم ملک پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سابق کپتان سلیم ملک نے اپنے مداحوں سے بھی معافی مانگ لی ہے۔
سلیم ملک نے پی سی بی اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل درآمد کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے سابق کپتان سلیم ملک کے غیر مشروط تعاون کے اعلان پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے سلیم ملک کو آئی سی سی کا ٹرانسکرپٹ بھجوا رکھا ہے وہ اس کا جواب دے دیں تاکہ معاملے کو جلد سے جلد نمٹایا جاسکے۔
واضح رہے ورلڈ کپ 1999 کے بعد جسٹس قیوم انکوائری رپورٹ میں سلیم ملک پر تاحیات پابندی عائد کی گئی تھی تاہم 2008 میں لاہور ہائی کورٹ نے سلیم ملک کلئیر کردیا تھا۔ آئی سی سی نے 2011 میں سلیم ملک سے انگلینڈ میں تین مشکوک افراد سے ملاقات پر 2013 میں ان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔