سٹی42: ہیپاٹائٹس اے اور ای میں اضافہ، ڈی جی ہیلتھ کا پنجاب کے تمام اضلاع کو الرٹ جاری، سی ای اوز کو مریضوں کا علاج بہترین بنانے کی ہدایت، محکمہ بلدیات اور واسا کے نام بھی مراسلہ میں پینے کے پانی کو صاف کرنے کیلئے کلورینیشن کرنے کی ہدایات کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی جانب سے ہیپاٹائٹس اے اور ای کے مریضوں میں اضافہ پر تمام اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ڈی جی ہیلتھ نے سی ای اوز ہیلتھ کو ہدایت کی ہے کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تشخیص، علاج کے انتظامات سمیت مریضوں کو درست ڈیٹا مرتب کیا جائے۔ ڈی جی ہیلتھ نے مرض لاحق ہونے کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے لائن لسٹنگ کی بھی ہدایت کی ہے، ڈی جی ہیلتھ نے محکمہ بلدیات اور واسا کے حکام کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ پینے کے پانی کو صاف کرنے کیلئے کلورینیشن کا عمل تواتر سے شروع کیا جائے اور سیوریج کی پینے کے پانی میں آمیزش کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے تاکہ ہیپاٹائٹس اے اور ای کو پھیلاو روکا جاسکے۔