(شاہ رخ ندیم) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز ڈیرہ گجراں میں اورنج لائن ٹرین کے ڈپو کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے ٹرین کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن ٹرین کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر سول ورکس کے کام کو مزید تیز کیا جائے، عدلیہ کی ہدایات کی روشنی میں اورنج ٹرین منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلاح عامہ کا کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں رکے گا توقع ہے کہ اورنج لائن ٹرین اکتوبر تک چلے گی, وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے پر 92 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، اورنج ٹرین کے ایک سیٹ میں ایک ہزار مسافر سفر کرسکتے ہیں،سول ورکس کی تکمیل کے بعد چینی کنٹریکٹر الیکٹریکل اورمیکنیکل ورک جلد مکمل کرلیں گے،وزیراعلیٰ نے شالا مار سٹیشن کا بھی دورہ کیا، انہوں شالامار سٹیشن کے مختلف حصے دےکھے،انہیں شالامار سٹیشن پر ٹرین کے منصوبے اورسٹیشنوں پر ہونے والے کام کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، کمشنر لاہورڈویژن، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ،سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یکم جون تک اورنج ٹرین کا سول ورکس مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اسے چلنے کے لئے 3 ماہ درکار ہو نگے، انہوں نے کہا کہ اکتوبر تک اورنج لائن ٹرین پٹری پر دوڑنے لگے گی۔