محسن نقوی کی بینائی سےمحروم ہونےوالےمریضوں سےملاقات،رِقت آمیز مناظر

Mohsin Naqvi meets the patients in Mayo Hospital Lahore, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ: نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی غیر معیاری انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے مریضو ں سے ملاقات کیلئے میو ہسپتال پہنچ گئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے اندھا پن کا شکار ہونے والے مریضوں کی مزاج پرسی کی اوران کا حوصلہ بڑھایا۔
وزیراعلیٰ نے بشیر احمد،شاہد سلیم،منظور حسین،عائشہ،مسز زاہدہ اورا فشاں بی بی کی تیمارداری کی، مریض اور ان کے لواحقین وزیراعلیٰ کو اپنی بینائی متاثر ہونے کے حوالے سے صورتحال بتاتے ہوئے رو پڑے۔
بزرگ مریضہ کی بیٹی ماں کی تکلیف بیان کرتے ہوئے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکی، انہوں نے بتایا کہ ان کی ماں کی دونوں آنکھیں چلی گئیں،متاثرہ مریضوں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ ان کی بینائی چھیننے والےملزموں کو پکڑیں۔
وزیراعلی محسن نقوی نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو تسلی دی  اور کہا کہ  ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ پرچے درج کر لئے گئے ہیں، گرفتاریوں کے لئے چھاپے مار رہےہیں۔ جو میرے بس میں ہے ضرورکیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا،پوری حکومت متاثرہ مریضوں کے ساتھ ہے،وزراء بھی تیمارداری کے لئے آئے ہیں۔حکومت پنجاب متاثرہ مریضوں کو سرکاری خرچ پر مفت علاج کی سہولت فراہم کررہی ہے۔
ڈاکٹر اسد اسلم اور دیگر معا  لجین نے مریضوں کی بینائی کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایک مریضہ افشاں کا پہلا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت،انفارمیشن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔