اسرار خان : شہر لاہور میں موٹر سائیکل چوروں کا راج برقرار ہے , مصطفیٰ آباد کے علاقہ میں چور شہری خرم علی کی موٹر سائیکل لے اڑا ۔ سٹی 42 نے واردات کی سی سی ٹی وی حاصل کر لی ۔
واردات 23 ستمبر کی شام ساڑھے 6 بجے گلستان کالونی میں ہوئی ۔ سی سی ٹی وی میں پتلون شرٹ میں ملبوس 2 ملزمان نظر آتے ہیں ۔ ایک ملزم اپنی موٹر سائیکل کے ساتھ گلی میں کھڑے ہو کر اطراف کی نگرانی کرتا ہے۔ ملزم کا دوسرا ساتھی ایک گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل کا سائیڈ لاک توڑتا ہے ۔ چند منٹ کی واردات کے دوران ملزمان موٹر سائیکل چرا کر فرار ہو گئے ۔ فرار ہوتے ہوئے دونوں ملزموں کو الگ الگ موٹر سائیکلوں پر جاتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب مصطفیٰ آباد پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے واردات میں ملوث ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے ۔