کومل اسلم: لاہور شہر کا موسم خشک، گرمی کے احساس میں اضافہ ریکارڈ، شام کے اوقات میں بوندا باندی کی پیش گوئی جبکہ شہر میں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم معتدل رہنے کے ساتھ شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد، ہوا 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ائیر کوالٹی انڈیکس بھی بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد، کے پی کے سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ میں حیدرآباد، دادو، عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹھٹھہ، کراچی، میرپورخاص، مٹھی اور سانگھڑ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں آج موسم خشک جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔