ن لیگ استعفے کب دے گی؟ ایاز صادق نے بتا دیا

ن لیگ استعفے کب دے گی؟ ایاز صادق نے بتا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد حسین ) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا، سردار ایازصادق کہتے ہیں قانون سازی کے لیے ان سے ملاقاتیں کیں جو اصل میں حکومت کررہے ہیں، لیکن اب مزید ملاقاتیں نہیں ہونگی۔

سٹی فورٹی ٹو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پنجاب حکومت پر برس پڑے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو توڑ کر عوام اور انکے نمائندوں سے ناانصافی کی گئی، بلدیاتی اداروں کو توڑنے کے خلاف کیس زیر سماعت ہے جس کا فیصلہ ہونے کو نہیں، حلقے توڑے گئے تاکہ مخالف سیاسی امیدوار کامیاب نہ ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بار بار سیکرٹری بلدیات کو تبدیل کرنا بوکھلاہٹ نہیں تو کیا ہے۔ تاہم جتنے مرضی من پسند حلقے بنالیں ہمارے شیر انکو شکست دینگے، لیگی کارکن گراس روٹ پر عوامی خدمت کرتے ہیں، اس لیے عوام انہیں ووٹ دیتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ میری باجوہ صاحب سے ملاقات نہیں ہوئی، تاہم سپیکر قومی اسمبلی کے گھر پر قانون سازی کے حوالے سے کچھ ملاقاتیں ضرور ہوئیں۔ سپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقاتیں پارٹی کی لیڈر شپ کی اجازت سے ہوئیں، قانون سازی کیلئے ہونے والی تمام ملاقاتیں پارٹی قیادت کے علم میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سردار ایازصادق نے کہا کہ جو اس حکومت کو چلارہے ہیں، ان سے قانون سازی کے حوالے سے ملاقات ہوئی، ہماری قیادت نےواضح پیغام دے دیا ہے،اب حکومت کے ساتھ کسی بھی بات چیت کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم تیاری کررہے ہیں، جلسے جلسوں اور ریلیوں کی اور آخر میں استعفوں کی۔

ن لیگی رہنما ملک عاطف بالی کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں یونین کونسل 150 سے سینئر پی ٹی آئی کارکن ہمایوں فیض نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر حاجی اللہ رکھا، ملک کاشف بالی، سید اخلاص حسین، رانا عابد حسین، چودھری مقصود گجر، راناانعام، منظوربٹ، یونس شاد، کاشف چودھری سمیت دیگر ن لیگی رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔