سٹی 42: محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتہ (رات) سے بدھ کے دوران آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ ہفتہ (26 ستمبر) کی رات کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ بدھ (30 ستمبر) تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ہفتے کی شام سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ مون سون ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی شام ملک میں داخل ہوگا، اتوار سے منگل کے دوران جنوبی پنجاب میں تیز ہوائیں اور آندھی بھی چلنے کابھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ دیر کے لیے بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 36 تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔
دوسری جانب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارشوں سے نمٹنے کے لیے 11 مقامات پر زیرزمین واٹر ٹینک بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ زیر زمین واٹر ٹینکس تاجپورہ، شیرانوالہ گیٹ، ناصر باغ، قذافی اسٹیڈیم و دیگر مقامات پر بنائے جائیں گے۔
صوبائی حکومت نے لاہور میں واٹر ٹینکس بنانےکا ٹاسک واسا انتظامیہ کو سونپ دیا ہے۔
اس ضمن میں ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ زیر زمین واٹر ٹینکس مون سون 2021 سے قبل بنائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ زیر زمین واٹر ٹینکس میں بارش کا پانی محفوظ کیا جا سکے گا۔