سہولت بازار نام کی حد تک شہریوں کو سہولیات دینے لگے

سہولت بازار نام کی حد تک شہریوں کو سہولیات دینے لگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) شادمان سہولت بازار میں اشیاء کی قیمتیں عام مارکیٹ کے ہی برابر یا اس سے بھی زیادہ، سہولت بازار میں انار 130 روپے مارکیٹ میں 100 روپے کلو، سیب 100 روپے بازار میں 80 سے 90 روپے فی کلو فروخت جبکہ گاجر، بیگن، پالک، گوبھی اور آلو پیاز کی قیمت بھی عام مارکیٹ کے برابر رہیں۔

اتوار کے روز شادمان سہولت بازار میں گاجر 55 روپے عام مارکیٹ کا ریٹ بھی 55 روپے فی کلو، سہولت بازار میں خراب بینگن 30 روپے، منڈی ریٹ میں بھی بینگن 30 روپے فی کلو، سہولت بازار میں پالک 30 روپے فی کلو، عام مارکیٹ میں بھی 30 روپے کلو، آلو اور پیاز 54 روپے فی کلو فروخت ہوتے رہے۔ 

خریداروں کا کہنا تھا کہ سہولت بازار میں پڑی اشیاء کی کوالٹی بہت ہی ناقص ہے۔ سہولت بازار میں کوئی بھی سہولت نہیں، سہولت بازار میں بکنے والا آٹا پکانے اور کھانے کے قابل نہیں،چینی کی قیمت پر 15 روپے رعایت ہے مگر چینی بھی اچھی کوالٹی کی نہیں ہے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے شادمان اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے سہولت بازار میاں پلازہ جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ ایم این اے سیمی بخاری نے اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم بھی ہمراہ بھٹہ چوک سہولت بازار کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ سہولت بازار، مانگا منڈی سہولت بازار اور رائیونڈ سٹی سہولت بازار کا دورہ کیا۔

افسران نے بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی، کوالٹی، معیار، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد، ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کروانے کے عمل کو مانیٹر کیا۔ آٹا اور چینی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔ بازاروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا گیا۔