ویب ڈیسک : پٹرولیم مارجن میں عدم اضافے کےمطالبےپر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کےباعث پٹرول پمپ بند رہیں گے جبکہ وزارت پٹرولیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ایس او ،شیل،ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپ کھلیں رہیں گے۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے کمیشن مارجن کو 6فیصد کرنے کے مطالبے کو برقرار رکھتے ہوئے ہڑتال کرنے کا اعلان کیا تھا ہے،حکومتی رابطے کے باوجود پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ڈٹ گئی ہے اور ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کردیئے گئے۔ ملک بھر میں پٹرول پمپس کی بندش کے باعث شہریوں کوشدید پریشانی کا سامنا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کی ملک گیر ہڑتال کے باعث شہر کے متعدد پٹرول پمپس بند ہیں ، ایمپرس روڈ پر واقع پی ایس او پٹرول پمپ پر سپلائی بند کر دی گئی، ایمرس روڈ پر واقع ہس مارٹ پٹرول پمپ ٹینٹ لگا کر بند کر دیا گیا، پیکو روڈ پر پی ایس او پمپ کی جانب سے بھی پٹرول کی فراہمی بھی بند کردی گئی، یو ای ٹی جی ٹی روڈ پرواقع پی ایس او پمپس بند جبکہ پیکو روڈ پر شیل،ٹوٹل اور اٹک کی جانب سے پٹرول کی فروخت جاری ہے۔ماڈل ٹاؤن فیروز پور روڈ پر واقع شیل پمپ ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ ٹوٹل پر پٹرول کی فروخت جاری ہے
شہر کے جن علاقوں میں اکا دکا پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں جب کہ شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول لے جارہے ہیں۔ روزگار کی تلاش میں نکلنے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کےلئے کیس ای سی سی بھیجوا دیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کےلئے وزارت کوشاں ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے ذریعے سے دس روز میں فیصلے کا امکان ہے۔
وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
ترجمان پی ایس او کے مطابق ملک بھرمیں پی ایس او کے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے، حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ پی ایس او کی سپلائی چین بھرپور طور پر فعال ہے اورپی ایس او عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ کی طرح مستعد ہے۔