(سٹی 42) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نیب پر برس پڑے، بولےنیب احتساب کے نام پر لوگوں کی پگڑیاں اچال رہا ہے، عوام کو جاننا چاہیئے کہ نیب احتساب کے نام پر سیاست کر رہا ہے۔
احتساب عدالت میں آشیانہ اور رمضان شوگرمل کیس کی سماعت ہوئی، حمزہ شہبازاحتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبروپیش ہوئے،جبکہ شہباز شریف کی جانب سےحاضری سےاستثنیٰ کی درخواست دی گئی، عدالت نےشہباز شریف کی عدالت میں حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست پرفریقین کےوکلا کو بحث کےلیےطلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے سے متعلق فوری اسمبلی کا اجلاس بلوایا جائے گا، نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لیکر جانا چاہیے، نیب اور عمران نیازی اسمبلی میں آکر عوام کو بتائیں کہ نیب احتساب کے نام پر سیاست دانوں کی پگڑیاں اچال رہا ہے، چیئرمین نیب کے معا ملات پر تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی پکڑ دھکڑ نیب کا کام نہیں ہے، ثبوت بعد میں آتا ہے گرفتاری پہلے ہوتی ہے، میٹرو پشاور میں 7 ارب کا غبن ہے، ملکی معیشت ڈوب رہی ہے نیب کاروباری افراد کو ڈرا رہا ہے، یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان نیازی نااہل ترین وزیراعظم ہیں۔