تونسہ شریف کو پیرس بنانے کی تیاریاں، 30 کروڑ روپے منظور

 تونسہ شریف کو پیرس بنانے کی تیاریاں، 30 کروڑ روپے منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے) پنجاب میں تونسہ شریف کو پیرس بنانے کی تیاریاں، پنجاب میں ایک طرف مالی بحران تو دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اپنے شہر کی سجاوٹ پر دھیان، وزیر اعلیٰ پنجاب کے شہر کی خوبصورتی اور سجاوٹ کے لیے مزید 30 کروڑ روپے منظور ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر ان کے آبائی شہر تونسہ شریف کی سجاوٹ اور خوبصورتی کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، رواں مالی سال میں تونسہ شریف کی خوبصورتی کے لیے دس کروڑ مختص کیے گئے لیکن تیس کروڑ روپے کے اضافی فنڈ بھی جاری کیے گئے، لیکن اب نئےمالی سال میں پنجاب حکومت نےایک بار پھر تونسہ شریف کی خوبصورتی کے لیے 30 کروڑ روپے کے مزید فنڈ مختص کر دیئے ہیں۔

تونسہ شریف میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سیوریج کے نکاس آب کا کام ہوگا، تونسہ میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی کام کرائے جائیں گے۔تونسہ شریف کی خوبصورتی کے لیے 1 ارب روپے سے زائد فنڈ خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

عثمان بزدار کی اپنے ضلع کے لئے نوازشات کا سلسلہ جاری ہے، 6 فروری کوو زیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی خان کیلئے پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کا نیا ہیڈ کوارٹر بنانے کی منظوری دی تھی، 14 مئی کو وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں جدید ترین بس ٹرمینل کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا،ڈی جی خان میں ماڈرن انٹرسٹی بس ٹرمینل بتیس کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا، فلیٹیز ہوٹل میں ہونیوالے اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا، گندم ریلیز کرنے کی عبوری پالیسی 2020-21 کی منظوری دی جائے گی۔

واضح رہےکہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع ڈیرہ غازی خان میں واقع ہے۔ جو تحصیل تونسہ کا صدر مقام ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تونسہ اور بلوچستان کے قبائلی علاقے میں آباد بزدار قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کا خاندان کئی دہائیوں سے صوبہ پنجاب کی سیاست میں متحرک ہے اور مختلف ادوار میں کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ منسلک رہ چکا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer