جیل روڈ (زاہد چودھری، بسام سلطان، قیصرکھوکھر) لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئیں۔ 762 نئے کیسز سامنے آگئے۔ 102 روز میں اموات 590 اور کیسز کی مجموعی تعداد 35582 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئیں۔ 762 نئے کیسز سامنے آگئے۔ 102 روز میں اموات 590 اور کیسز کی مجموعی تعداد 35582 ہوگئی۔ جناح ہسپتال کے سینئر رجسٹرار وائرس کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گئے۔ ڈاکٹر مشرف اقبال بطور سینئر رجسٹرار، میڈیکل یونٹ 2 جناح ہسپتال لاہوراپنی خدمات سرانجام دیتے رہے، ڈاکٹر مشرف گزشتہ37 روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے، شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 604 مریض داخل ہوئے۔
202 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں جبکہ 112وینٹی لیٹر پرہیں، پنجاب بھر میں24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے1228 نئے کیس اور 21 اموات ہوئی ہیں، صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 69,536 اور 1516 اموات ہوچکی ہیں۔ صوبے کے دیگر شہروں میں ننکانہ7، قصور5، شیخوپورہ10، جہلم10، اٹک85 اور گوجرانوالہ میں 14 سیالکوٹ12، گجرات60، حافظ آباد 7، منڈی بہاؤالدین6، ملتان80، مظفر گڑھ3، وہاڑی6، فیصل آباد 35، چنیوٹ6، ٹوبہ6 اور رحیم یار خان میں 17 ، سرگودھا 41، میانوالی15، بہاولنگر11، لودھراں 3،ڈیرہ غازی خان17، لیہ1، بھکر 3، ساہیوال4 اور پاکپتن میں 2 کیسزسامنے آئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے ریکارڈ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 4 لاکھ 44 ہزار 119مشتبہ مریض ہیں، محکمہ داخلہ کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھرمیں کورونا وائرس کے69 ہزار536 تصدیق شدہ مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں19ہزار935 مریض کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کے ایس او پیز میں نرمی کردی، ایس او پیز میں نرمی کے تحت ورثا غسل، جنازے اور تدفین میں شامل ہوں سکیں گے جبکہ ورثا میت کا منہ بھی دیکھ سکیں گے، البتہ میت کو چھو نے یا چومنے کی اجازت نہیں ہو گی،اس کے علاوہ تابوت کی شرط ختم کردی گئی ہے مگر میت کو پلاسٹک میں لپیٹا جائے گا۔