ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا ہنگامی اجلاس، اہم فیصلہ کرلیا

LPG crack down
کیپشن: ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤدلشادحسین: ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز انڈسٹریز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس، غیر معیاری سلنڈرز لانے والوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے اور غیر معیاری سلنڈرز کے کارخانوں پر پابندی لگوانے کےلئے 31 جولائی کو گوجرانوالہ کی جانب مارچ کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جو دکاندار سیفٹی کے 17 نکات کو مکمل نہیں کرے گا، اس کو گیس کی فراہمی نہیں ہوگی۔ چیئرمین عرفان کھوکھر نے ڈسٹری بیوٹرز سے حلفیہ اقرار کرایا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ سرکارغیر معیاری سلنڈرز بنانےوالوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، 80 روپے کلو والی ایل پی جی گیس آج 200 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دکاندار 48 گھنٹوں کے اندر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے، 31 جولائی کو سب ایل پی جی آوٹ لیٹس بند کرکے گوجرانوالہ کی جانب مارچ کریں گے، ایل پی جی کے کاروبار میں پولیس کی براہ راست مداخلت بند کی جائے۔ اوگرا کی رٹ کامیاب بنانے کےلئے بھر پور کردار ادارکریں گے۔
غلام مصطفی خان نےکہاکہ گوجرانوالہ میں غیر معیاری سلنڈرز کے 600 کارخانوں کو بند کروانا ہے،سیفٹی کو یقینی بنانے کےلئے 31 جولائی کو سپلائی بند کردی جائے گی۔ صدر رکشہ یونین لاہور ذیشان اکمل کا کہنا تھا کہ غیر معیاری سلنڈرز کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے، حادثات کی روک تھام کےلئے غیر معیاری سلنڈرزبنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نےڈپٹی کمشنر لاہور سے حفاظتی اقدامات پر فوری میٹنگ بلانے اور شاہ عالم مارکیٹ میں غیر معیاری سلنڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا وعدہ پورا کرنےکا مطالبہ کیا۔