وسیم احمد:وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی سے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے ملاقات کی ہے، سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کرونا لاک ڈائو ن کے بعد کرکٹ کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ کام کروں گا۔
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس لاہور کا دورہ کیا اور وزیر کھیل تیمور بھٹی سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر وزیر کھیل پنجاب اور شاہد آفریدی کا کھیلوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا اعادہ بھی کیا۔ تیمور بھٹی نے کہاکہ شاہد آفریدی ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی کرکٹ کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر کھیل پنجاب نے کہا کہ گرین سپورٹس پراجیکٹ کے تحت دیہاتوں کی سطح پر کھیلوں کے گرائو نڈ آباد کئے جائیں گے۔ شاہد آفریدی نے سپورٹس سیکٹر میں ہونے والی ڈویلپمینٹ پر حکومت پنجاب کو مبارکباد دی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی ورلڈ کپ منعقد کروا کر تاریخ رقم کی۔ کرونا لاک ڈائون کے بعد کرکٹ کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ کام کروں گا۔ عید کے بعد وزیر کھیل پنجاب اور شاہد آفریدی اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی گزشتہ دنوں ہی کورونا جیسے موزی مرض سے صحتیاب ہوئے ہیں اور اسکے بعد سے ہی وہ پہلے کی طرح اپنے کاموں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں جبکہ انکے مدح نہ صرف آفریدی کے لیے دعا گو ہیں بلکہ ان کی کوششوں اور اس قدر جواں مردی کو سوشل میڈیا پربیحد سراہتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے 10 ہزار سے زائد رنز اور 541 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی 2018 میں ہر طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ ان دنوں انکی مکمل توجہ اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فائوندیشن کی طرف مرکوز ہے اور وہ کورونا کے باعث لاک ڈائون کے بعد سے ہی مستحق افراد کی مدد کر رہے ہیں۔