بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریو گرافر چل بسیں

بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریو گرافر چل بسیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریو گرافر امالا شنکر  ایک سو ایک(101)  سال کی عمر میں انتقال  کر گئیں، معروف ڈانسر اور کوریو گرافر جمعرات کی رات سونے کے بعد اٹھ نہ سکیں، اہل خانہ انہیں ہسپتال لے  گئے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔

ان کے  اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امالا شنکر ضیعف العمری کے باعث اکثر بیمار رہتی تھیں، انہیں سوتے وقت دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئیں، امالا شنکر لیجنڈری ڈانسر اور کوریو گرافر اودے شنکر کی اہلیہ اور معروف ستار نواز پنڈت روی شنکر کی سالی تھیں۔ بالی ووڈ کی تمام شخصیات نے معروف ڈانسر کے دنیا سے گزر جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

امالا شنکر کی پوتی سری ناندا شنکر نے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ  آج ہماری تھاما 101 برس کی عمر میں ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، ہم نے ایک ماہ قبل ان کی سالگرہ منائی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ میں دکھی دل کے ساتھ ممبئی سے کلکتہ کا سفر کررہی ہوں تاکہ آخری رسومات میں شرکت کرسکوں، خدا ان کی روح کو امن و سلامتی عطا کرے۔

ان کی پوتی نے مزید لکھا کہ  تھاما آپ کے جانے سے ایک دور کا اختتام ہوا، ہر چیز پر میں آپ کی شکر گزار ہوں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تین جولائی کو چار دہائیوں تک بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف کوریئو گرافر سروج خان 70 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں تھیں۔

Shazia Bashir

Content Writer