ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہوریوں کیلئے انتہائی برُی خبر

لاہوریوں کیلئے انتہائی برُی خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

برڈوڈ روڈ (زاہد چودھری) لاہوریوں کیلئے بری خبر ،پے در پے مہمات کے باوجود شہر پولیو سے پاک نہ ہوسکا، دسمبر میں حاصل کئے گئے سیوریج کے تمام نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق، پولیو کے خلاف حالیہ مہم کے دوران شہر کی 4 یونین کونسلز میں بچوں کو قطرے نہ پلائے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

لاہور میں پولیو کے خلاف تمام تر اقدامات کے باوجود گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران شہر کو پولیو سے پاک نہ کیا جاسکا،   دسمبر میں قومی ادارہ صحت کو بھجوائے گئے آؤٹ فال روڈ ڈسپوزل سٹیشن سے 3، گلشن راوی اور ملتان روڈ ڈسپوزل سٹیشن سے حاصل کیے سیوریج کے ایک ایک نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کر دی گئی ہے، شہر کے سیوریج میں پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی لاہوریوں کیلئے بڑا خطرہ ہے۔

ادھر شہر میں پولیو کے خلاف چلائی جانے والی حالیہ مہم کی مانیٹرنگ کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ علامہ اقبال ٹاؤن کی 2 ، عزیز بھٹی ٹائون اور کینٹ کی ایک ایک یونین کونسل میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے نہیں پلائے جاسکے، پولیو مہم کے دوران چار یونین کونسلز میں پولیو سے بچائو کے قطرے نہ پلانے کے انکشاف نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

یاد رہے کہ پولیو مائلائٹس ( پولیو) ایک وبائی (تیزی سے پھیلنے والا) مرض ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے، پولیو ایک سنگین اور ممکنہ طور پر مہلک متعدی بیماری ہے، یہ وائرس اعصابی نظام پر حملہ آور ہوتا ہے اور ٹانگوں اور جسم کے دوسرے اعضاء کے پٹھوں میں کمزوری کی وجہ بن سکتا ہے یا چند صورتوں میں محض چند گھنٹوں میں موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

یہ بیماری بچوں میں عام ہے لیکن اس کے شکار بالغ افراد بھی ہوسکتے ہیں، پولیو وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور دوسرے شخص کو متاثر کرتا ہے۔ پولیو کی ابتدائی علامات، بخار، سردرد، تھکاوٹ، گردن میں اکڑاؤ، جسمانی اعضاء، زیادہ ترٹانگوں میں اچانک کمزوری / فالج کا حملہ ہونا، جو زیادہ تر غیر متناسب اور مستقل ہوتا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer