رجب طیب اردگان(انڈس  ہسپتال ) مظفرگڑھ میں ریڑھ کی ہڈی کے مفت آپریشنز کیے گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن نہ  صرف پیچدہ ہوتا ہے بلکہ عام آدمی کیلئے  یہ آپریشن مالی طورپر بہت مشکل ہے۔مگر رجب طیب اردگان(انڈس  ہسپتال ) مظفرگڑھ میں  چاردن پاکستانی نزاد امریکہ سرجن نے  مفت  آپریشن کیے۔

تفصیلات کےمطابق فروری کےرواں ہفتے کے آغاز میں پاکستانی نزاد امریکی سپائن سرجنز ڈاکٹر محمد عمر برنی اور ڈاکٹر عدیل الزماں خلیل نے  ہیڈ آف آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ انڈس ہسپتال کراچی ڈاکٹر محمد امین چنائے کے ہمراہ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ کیا۔

امریکی نژاد سپائن سرجن ڈاکٹر عدیل الزمان خلیل نے رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ میں ریڑھ کی ہڈی کے 16 آپریشن کیے۔ ان آپریشنز سے جہاں غریب اور نادار مریض  اس مہنگی سرجری سے مفت  مستفید اور صحت یاب ہوئے وہاں ہسپتال کے مقامی ڈاکٹرز کو اپنی پیشہ وارانہ    مہارت کو بہتر بنانے  کا بھی موقع ملا۔

سرجری کے عمل سے پہلے مریضوں کی اوپی ڈی  میں تشخیص کا عمل ڈاکٹر گوہرنواز خان اور ڈاکٹر حسن رضا کھوسہ کی سربراہی میں مکمل کیا گیا، جہاں مریضوں کے مفت ایم آرآئی،سی ٹی سکین اور دیگر ضروری ٹیسٹ بالکل مفت کیے گئے، جس کے بعد سرجری کیلئے منتخب کردہ مریضوں کو داخل کرکے انکی سرجری کی گئی۔

سرجری کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کا کہنا تھا کہ انڈس ہسپتال مظفرگڑھ میں انہیں تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی گئیں اور انتہائی مہنگی سرجری بھی بالکل مفت کی گئی۔ ان میں سے ایک مریض سجاد احمد کا کہنا تھا کہ وہ  مظفرگڑھ سے کافی دور مخدوم رشید کارہائشی ہے، ریڑھ کی ہڈی کی بیماری کی وجہ سے کافی پریشان تھا اور اپنی بیماری پر کافی اخراجات کر چکا تھا مگر سرجری کے اخراجات سے قاصر تھا، آپریشن ہونے پر اس نے رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ   کی انتطامیہ اور امریکہ سے آئے سرجنز کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی بدولت وہ اب صحت یاب ہورہا ہےاور اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہا ہے۔

صحت یاب ہونے والے ایک اور مریض محمد صدیق کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کیلئے اخراجات نہ ہونے کے سبب اپنی زندگی سے ناامید ہوچکا تھا مگر رجب طیب اردگان انڈس  ہسپتال مظفرگڑھ  نے اس کی مفت سرجری  کر کے  ایک نارمل زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا ہے جو کہ انتہائی قابل تحسین ہے۔

ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک کی جانب سے امریکہ سے آئے ڈاکٹرز کو روائتی سرائیکی چادریں بھی تحفہ میں پیش کی گئیں جبکہ ہسپتا ل انتظامیہ کی جانب سے اعزازی شیلڈز دی گئیں۔

Bilal Arshad

Content Writer