ویب ڈیسک : بلوچستان کے قوم پرست رہنما اور نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بہاولپور کے قریب کارحادثے میں جاں بحق ہوگئے، لاش آبائی علاقے بھاگ روانہ کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کوئٹہ سے لاہور جا رہے تھے کہ بہاولپور کے قریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ انہیں انکے آبائی علاقے بھاگ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ بزرگ سیاسی رہنماء تھے اور انہیں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پہلے چیئرمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔عبدالحئی بلوچ بلوچستان نیشنل موومنٹ اور نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر بھی رہ چکے ہیں جبکہ اس وقت وہ این ڈی پی کے ایک دھڑے کی صدارت کررہے تھے۔
یادرہے 1970ء کے تاریخی انتخابات میں نیشنل عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر بلوچستان قومی اسمبلی کے لیے ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ جیت کر قومی اسمبلی کے کم عمر ترین ممبر منتخب ہوئے تھے۔ اور یہ ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔ یاد رہے کہ 1970ء کے انتخابات میں پہلی بار بلوچستان کی اپنی صوبائی اسمبلی کا قیام بھی عمل میں آیا تھا، اور 22 اراکین صوبائی اسمبلی میں 20 منتخب ممبران صوبائی اسمبلی کا تعلق نیشنل عوامی پارٹی سے تھا اور 2 اراکین جمعیت علما اسلام سے تھے۔ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کراچی کی معروف درسگاہ ڈاؤ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا تھا۔ ڈاکٹر صاحب نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر بھی بنائے گئے۔