سٹی42: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی دوسری لہر تیزی سے جاری ہے، آئے روز کورونا سے اموات اور نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ محکمہ ہیلتھ سمیت دیگر ادارے کورونا کے بڑھتے پھیلاؤ کی روک تھام میں لگے ہوئے ہیں۔اس سلسلہ میں کورونا ویکسی نیشن کا بھی باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے بڑھ رہا ہے. انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سماجی فاصلہ، تعلیمی اور کاروباری سرگرمیوں پر پابندی میں نرمی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد سے مشروط کی جائے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں کورونا 20 فیصد کم ہورہا ہے لیکن ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے.
وی سی یو ایچ ایس کا مزید کہنا تھا کہ 10 فیصد مریضوں کو دوسری اور 4 فیصد تیسری مرتبہ کورونا لاحق ہونے کی شرح ہے. کورونا ویکسی نیشن کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔
دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس مزید 11 قیمتی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ 278 نئے مریض کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ میو ہسپتال میں 3،حمید لطیف اور یونیورسٹی آف لاہور ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا سے 2،2اموات جبکہ سروسز اور ڈاکٹرز ہسپتال میں کورونا سے ایک ایک مریض دم توڑ چکا ہے۔ ہسپتالوں میں کورونا کے 266 مریض داخل ہیں جن میں سے 108 آئی سی یو اور 13 وینٹی لیٹر پر ہیں.
ادھر ضلعی انتظامیہ کی بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے 6 دکانوں کو سیل کیا۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ضحیٰ شاکر نے 3 دکانوں کو سیل، 5 کو وارننگ اور 22 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیئے ہیں۔تحصیل کینٹ میں ماسٹر پینٹ، ساجد پان شاپ اور موسی موبائل شاپ کو سیل کردیاگیا ہے۔
ڈوگر گیس ایل پی جی، ملک جنرل سٹور، میاں بیکرز، اذان کلاتھ ہاؤس اور کاکا فروٹ شاپ کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ تحصیل سٹی میں حافظ سویٹس، نعمت شیریں، لاہور سویٹس،گلشن شیریں، بٹ فارمیسی اور عدیل موبائل کو سیل کر دیا گیا۔افسروں کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔