(شاہد ندیم)بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے جہاں عام صارف پریشان ہے وہیں شریف فیملی نے بھی سستی بجلی کے حصول کے لئے سولر سسٹم کے لئے لیسکو کو درخواست دے دی۔وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شریف فیملی نے جاتی امراء کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شریف فیملی نے سولر سسٹم سے سستی بجلی بنانے کے لئے لیسکو کو درخواست دی جس پر نیپرا نے پانچ سو کلو واٹ بجلی کی پیداوار کرنے کا لائسنس جاری کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ لیسکو کی جانب سے سولر سسٹم پر جدید ٹیکنالوجی سے مزین میٹرز کی تنصیب کی جائیگی، میٹرز کی تنصیب پر شریف فیملی اضافی بجلی لیسکو کو فروخت کر سکے گی۔
واضح رہے کہ سابق دور حکومت میں نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ متعارف کروایا گیا تھا،مذکورہ پراجیکٹ کے تحت صارفین بجلی کی پیداوار کر سکتے ہیں اور اضافی بجلی لیسکو کو فروخت بھی کی جا سکتی ہے جس پر جاتی امراءسولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر توانائی عمر ایوب خان نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا تھا کہ 2030 تک 30 فیصد بجلی متبادل ذرائع سے حاصل ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 60 فیصد بجلی ڈالرز خرچ کر کے پیدا کی جا رہی ہے مگر متبادل ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کی قیمت انتہائی کم ہے۔
عمر ایوب نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں توانائی کی شعبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگ پاکستان میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔