آشیانہ اقبال پراجیکٹ کرپشن کیس، شاہد شفیق ایک روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

آشیانہ اقبال پراجیکٹ کرپشن کیس، شاہد شفیق ایک روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)جوڈیشل مجسٹریٹ سید جواد علی نقوی نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ کرپشن کیس میں گرفتار  بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے پارٹنر شاہد شفیق کو ایک روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب پنجاب نےآشیانہ اقبال پراجیکٹ کرپشن کیس میں گرفتار شاہد شفیق کو ریمانڈ کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ سید جواد علی نقوی کی عدالت میں  پیش کیا اور عدالت سے ملزم کی 15 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی، جوڈیشل مجسٹریٹ سید جواد علی نقوی نے ملزم کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے نیب کے حوالے کر دیا۔

یہ خبر ضرور پڑھیے: احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد بیوروکریٹس پر خوف طاری، کئی فائلیں کھل گئیں

نیب ترجمان کے مطابق ملزم شاہد شفیق کی ملکیتی بسم اللہ انجینئرنگ سروسز، پیراگون سٹی کی سی 4 کیٹیگری کی ذیلی کمپنی ہے، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی سے 20 جنوری 2015 کو معاہدہ کیا گیا جس میں 16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے  61کروڑ روپے جمع کروائے، تین سال گزر جانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، ملزم کو الزامات کے دفاع کا باقاعدہ موقع فراہم کیا گیا تھا۔ ملزم شاہد شفیق نے ایل ڈی اے اہلکاروں کی ملی بھگت سے 14 ارب مالیت کا کنٹریکٹ جعلی کاغذات کی مدد سے حاصل کیا۔

نیب کا کہنا ہے کہ ملزم کے ممکنہ روپوش یا  ملک سے فرار ہونے کی اطلاع پر ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور جسمانی ریمانڈ لیا گیا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں: آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کرپشن کیس، احد چیمہ کا 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

 واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو لاہور نے احد چیمہ کی نشاندہی پر بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے پارٹنر شاہد شفیق کوگرفتار کیا۔