کرسمس کے روز محسن نقوی نے مسیحی شہریوں کے لئے ایک اور میثاق سنٹر کا افتتاح کر دیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: کرسمس کے روز   نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے مسیحی شہریوں کے لئے ایک اور میثاق سنٹر کا افتتاح کردیا۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ میثاق سنٹر جڑانوالہ سانحہ کے بعد بنایا گیا تاکہ مزید ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

 انہوں نے خدمت مراکز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو لائسنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کی مد میں سہولیات دے رہے ہیں، ایک سال میں ایک کروڑ لائسنس بنے جبکہ پچاس سالوں 65 لاکھ بنے تھے۔

 نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں مزید میثاق سنٹرز بھی بنائے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں 737 پولیس تھانون کی تعمیر و مرمت بحالی ہو رہی ہے، ایسے تھانے جو اراضی سے محروم ہیں ان کو جگہ ضرور آلاٹ کریں گے۔ 

 اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے۔

میثاق سنٹر کیا ہیں

سولہ اگست  2023 کو پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں مشتعل ہجوم نے مسیحی آبادی پر حملے کر کے تقریباً سولہ گرجا گھروں کو نذر آتش کر دیا تھا ور 86 مکانات کو بھی آگ لگا دی تھی۔

اس واقعہ کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ نے پنجاب میں بسنے والے مسیحیوں اور دیگر غیر مسلم شہریوں  میں عدم تحفظ کا احساس ختم کرنے  اور ان کو درپیش پولیس کے متعلق تمام مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل کرنے کے لئے، انہیں ترجیحی بنیادوں پر پولیس کی مدد مہیا کرنے کی خاطر  پولیس کے خصوصی خدمت مراکز  قائم کر دئیے جنہیں میثاق سنٹر کا نام دیا گیا۔ گزشتہ کئی ماہ کے دوران یہ میثاق سنٹر مسیحی شہریوں کی ترجیحی بنیاد پر خدمت کا کامیاب تجربہ ثابت ہوئے ہیں۔ 
محسن نقوی کی خصوصی توجہ سے انتہائی کم وقت میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اقلیتوں کی اکثریت والے ہر ضلع اور سب ڈویژن میں میثاق سینٹرز کو فعال کر دیا گیا تھا۔ اب یہ میثاق سنٹر اقلیتی شہریوں کو درپیش مختلف مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہے ہیں۔