قذافی بٹ : گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ قائداعظمؒ کے افکار کے مطابق کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے، ملکی سالمیت کے تحفظ کیلئے قائد کے افکار اتحاد، ایمان اور تنظیم پرعمل کرنا ہوگا، ہمیں اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہوگا۔
گورنر پنجاب نے بانی پاکستان قائداعظمؒ کے یوم پیدائش پر اپنے ویڈیو پیغام میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو حکومت کیساتھ ملکر چلنے کی دعوت دی ہے،، انہوں نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک پیج پر آنا چاہیے اور ملک دشمنوں کے سہولت کاروں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتوں کو متفقہ پیغام جانا چاہیے ہم سب ایک ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کیخلاف سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتی، گورنر چوہدری محمدسرور کا کہنا تھا کہ 22کروڑ پاکستانی ملکی دفاع کے تحفظ کیلئے افواج پاکستان کیساتھ ہیں، آج کے دن ہم کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یقین دلاتے ہیں ہم انکے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کرسمس کے تہوار پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارک باد دی ہے، بولے پاکستان مذہبی رواداری، اخوت، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مسیحی بھائیوں نے تمام قومی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین اقلیتوں کے حقوق کی مکمل پاسداری کرتا ہے، یہاں اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے کسی اور ملک میں نہیں ہے۔