شہباز شریف کی پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ آمد، فیز ون کا افتتاح

شہباز شریف کی پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ آمد، فیز ون کا افتتاح
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ فیزون کا افتتاح کردیا۔ 20 ارب کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے منصوبے سےعوام کو جگر اور گردہ کے امراض کے علاج و معالجے کی سہولیات میسر کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بیدیاں روڈ پر 20 ارب کی لاگت سے پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جس کا فیز ون مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے افتتاح کیا اور ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا۔ فیزون میں ابتدائی طور پر 100 بستر اور دو آپریشن تھیٹرز کے بلاک کو آپریشنل کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید، سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، ،ایم این اے رانا مبشر اقبال شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر محکمہ پی اینڈ ڈی ملک ندیم کامران، چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان، پریزڈنٹ پی کے ایل آئی ڈاکٹر سعید اختر سمیت محکمہ صحت ،بیوروکریسی اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران کئی لوگ نیند کے مزے بھی لوٹتے رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرا اورتیرا نہیں، ہمارا پاکستان سمجھنا ہوگا. ملک دھرنوں سے نہیں، دن رات محنت سے ترقی کرے گا، کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ قائداعظم کے مشن کی تکمیل کی جانب اہم اقدام ہے، مستحق مریضوں کو مفت علاج میسر آئے گا۔

سعید اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کا قیام نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر کے شعبہ صحت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔