(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کے خلاف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کےخلاف منظور وسان کی اپیل پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عائشہ ملک نے سماعت کی اور فیصلہ سنایا۔ منظور وسان کے وکیل خالد جاوید نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے منظور وسان کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ منظور وسان نے پی ایس 27 کوٹ ڈیجی سے 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، ریٹرننگ آفیسر نے 2018 میں منظور وسان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے، تاہم ان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا گیا تھا، الیکشن ٹریبونل نے منظور وسان کو نا اہل قرار دیا تھا۔