جیل روڈ(عثمان علیم، عظمت اعوان) شہر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل مزید تیز، ایک روز میں ریکارڈ 51 ہزار 236 شہریوں نے ویکسین لگوائی۔
شہر بھر میں کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایات پر ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا گیا، احکامات کے مطابق 30 اگست کے بعد ویکسی نیشن نہ کروانے والے افراد کو پبلک مقامات، بازاروں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، پارکس، بس اڈوں سمیت دیگر جگہوں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ 23 اگست کو سب سے زیادہ ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم ہوا، جس پر وہ شہریوں کے مشکور ہیں، اب تک شہر میں مجموعی طور پر 30 لاکھ 65 ہزار 231 شہریوں کی ویکسینیشن ہو چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں 54478 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، اب تک 36 فیصد لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے ویکسی نیشن سنٹرز پر ویکسین کی قلت، ایکسپو سنٹر میں صرف موڈرونا کی پہلی اور دوسری ڈوز لگائی جارہی جبکہ دیگر ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز عدم دستیاب ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق آج سے تمام ویکسی نیشن سنٹرز پر ویکسین دستیاب ہوگی، جبکہ ایکسپو انتظامیہ کے مطابق تمام شہریوں کو موڈرنا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز لگائی جارہی ہے جبکہ موڈرنا ویکسین کی سنٹر میں وافر مقدار موجود ہے، محکمہ صحت کے مطابق شہر لاہور میں اب تک 35 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔