( وقاص احمد ) گلشن اقبال کے علاقے میں 47 سالہ خاتون کے قتل میں اسکی معذور بیٹی اور بیٹی کا دوست ملوث نکلے، پولیس نے 20 سالہ فجر اور اسکے دوست کو حراست میں لے لیا۔
رضا بلاک اقبال ٹاؤن میں 47 سالہ خاتون کے قتل اور اسکی معذور بیٹی کے لاپتہ ہونے کے کیس کی گھتیاں سلجھ چکی ہیں۔ پولیس نے والدہ کو قتل کرنے اور گھر سے بھاگنے کے الزام میں 20 سالہ فجر اور اسکے دوست علی عابد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں عکس بند حقائق دیکھنے کے بعد کارروائی کی ہے۔
پولیس کو شبہ ہے 47 سالہ بسم اللہ بی بی کو بیٹی کو گھر چھوڑ کر دوست کے ساتھ جانے سے منع کرنے پر قتل کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم علی عابد اور دوستوں کو گھر میں داخل ہوتے، پھرملزم علی عابد اور مقتولہ کی بیٹی 21 سالہ فجر کو فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان 4 بجے کے قریب رضا بلاک میں مقتولہ کے گھر آئے، 2ملزم گھر میں چلے گئے جبکہ ایک گھر کے باہر پہرہ دیتا رہا، ملزمان ایک گھنٹہ سے زائد گھر میں موجود رہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم علی عابد اور مقتولہ کی بیٹی فجر کو موٹرسائیکل پر فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم قتل کے بعد گھبراہٹ میں موٹرسائیکل سے بھی گر پڑا۔ پولیس فجر اور علی عابد کو حراست میں لے کر تحقیقات کررہی ہے۔