حسن خالد: جوہر ٹاون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 34 سالہ شخص قتل، فائرنگ کے بعد نامعلوم افراد شہری کا پرس اور بیگ بھی لے کر فرار ہوگئے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نواب ٹاؤن کےعلاقے جوہرٹاون اے بلاک میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے یوسف نامی شہری کو روکا اور لوٹ مار شروع کردی، مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کردی جس سے شہری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے پرس چھینا اور مقتول کی موٹرسائیکل کے ساتھ لٹکے بیگ سے بھی اشیا نکالیں تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلووں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
محکمہ پولیس کے سربراہ کی انتظامی کمزوری، آئی جی پنجاب کا وزیراعلی کو بھجوائی گئی رپورٹ میں اعتراف، آئی جی پنجاب نے فری رجسٹریشن نہ ہونے کو جرائم بڑھنے کا سبب قراردے دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس کو گاڑیوں کی خریداری اور مینٹیننس کے لیے تین ارب 18 کروڑ کے اضافی فنڈز جاری ہوئے، لیکن لاہور سمیت پنجاب بھر میں جرائم گذشتہ سالوں کی نسبت بڑھے۔ گھروں اور دکانوں میں ڈاکووں کی لوٹ مار کے واقعات میں 11 فیصد اضافہ ہوا، قتل کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ ہوا۔ دو ہزار انیس میں 2 ہزار436 افراد قتل ہوئے جبکہ 2020 میں 2 ہزار 593 افراد قتل ہوئے۔