ویب ڈیسک:ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، بوندا باندی اور تیز ہواؤں کے سلسلے کے بعد محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ دن کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 29 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ گوجرانوالہ، سرگودھا اور لاہور میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، سوات، چترال، دیر، باجوڑ، خیبر، پشاور، کوہاٹ، کرم، بنوں اور ڈی آئی خان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی، گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔