سٹی42:کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز ، لاہور کے مزید 15 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاک ڈاﺅن اعوان ٹاؤن،فیز 2 پی سی ایس آئی آر سوسائٹی ،گلد شت ٹاؤن،امیر الدین پارک،پیرا گون ایگزیکٹو کاٹیج ،امپریل گارڈن، اے بلاک گرین سٹی،ای بلاک تاج پورہ سکیم ،سی بلاک گرین سٹی ، ڈی ایچ اے فیز3 ڈبل ایکس بلاک اور فیز 5 ایچ بلاک ،اسلام پورہ، ساندہ، گارڈن ٹاؤن ابو بکر بلاک، ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن میں کیا گیا۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاک ڈاﺅن کے دوران شاپنگ مالز، ریسٹورانٹ، دفاتر بند رہیں گے جبکہ ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزکیبنٹ کمیٹی برائے کورونا کی سفارشات میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاو¿ن میں 17 مئی تک اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا باقاعدہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔
اس موقع پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کا کہناتھا کہ صوبہ پنجاب کے وہ اضلاع جن میں کورونا وائرس پازٹیو کی شرح 8فیصد سے زیادہ ہے وہاں تمام انڈور اور آﺅٹ ڈور شادی کی تقریبات، ریسٹورینٹس اور مزارات پرمکمل پابندی عائد ہوگی۔ ان اضلاع میں بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ،جھنگ، قصور، لاہور، ملتان، اوکاڑہ، راولپنڈی، رحیم یار خان، سرگودھا اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں تمام کاروباری مراکز شام 6بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہو گی،تمام سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہو گا۔صوبہ بھر کے تمام سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک محدود ہوں گے۔