لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت کو بڑا اختیار دیدیا

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت کو بڑا اختیار دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کے خلاف دائر درخواست کا تحریری فیصلہ جاری دیا، عدالت کا حکومتی اقدامات پراطمینان کا اظہار، محکمہ صحت کو درخواستگزار ڈاکٹرز کے خلاف انضباطی کارروائی کا اختیار دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے ڈاکٹر زوہیب لیاقت سمیت دیگر ڈاکٹرز کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، عدالت نے ڈاکٹروں کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی، عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار ڈاکٹروں کا کورونا سنٹرز میں ڈیوٹی کرنا ثابت نہیں ہوا، درخواست گزار ڈاکٹرز نے موجودہ حالات میں حکومتی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی، کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان سے متعلق سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہےکہ پوری دنیا کو ان دیکھی وبا کا سامنا ہے اور ترقی یافتہ ممالک بھی اپنے ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی سامان مہیا نہیں کر پا رہے، ہماری حکومت وباء کیخلاف اپنے دستیاب وسائل کیساتھ نبرد آزما ہے، حکومتی اقدامات کے باوجود کوئی حکم جاری کرنا ناانصافی ہوگی، درخواست گزار ڈاکٹروں نے کورونا مریضوں کی وارڈز میں ڈیوٹی کرنے سے متعلق غلط بیانی کی، پنجاب حکومت کی جانب سےلاء افسر نے درخواست گزار ڈاکٹروں کی کورونا وارڈ میں ڈیوٹی نہ ہونےکا جواب جمع کرایا۔

حکومتی جواب کے مطابق کورونا کیخلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کیلئے سٹور میں حفاظتی سامان موجود ہے، ڈاکٹر سرکاری ملازم ہیں، اپنے محکمہ سے رجوع کیے بغیر براہ راست عدالت سے رجوع نہیں کرسکتے۔درخواست گزارکے مطابق کورنا سے بچاؤ کے لیے ڈاکٹرز اور متعلقہ سٹاف کوحفاظتی کٹس فراہم نہیں کی گئیں، درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کیا جاتا ہے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پنجاب میں بھی پنجے گاڑ لیے، پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے 70 اموات ہوچکی ہیں، مہلک وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 4 ہزار 919 ہوگئی جبکہ 980 افراد صحت یاب ہوکرگھروں کو جاچکے ہیں، 20 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer