(حافظ شہباز علی) پی سی بی گورننگ بورڈ میں بغاوت کی گتھیاں سلجھنے لگیں، لاہور ریجن کے صدرشاہ ریزعبد اللہ روکھڑی کے بعد ایاز بٹ نے بھی بورڈ کی حمایت کردی۔
گزشتہ ہفتے کوئٹہ میں ہونیوالے پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں بورڈ پالیسیوں خاص طور پر نئے ڈومیسٹک سٹرکچر اور ایم ڈی کی تعیناتی کے معاملے پر عَلم بغاوت بلند کرنیوالے اراکین کا پی سی بی کیمپ میں شمولیت کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاہ ریز عبد اللہ روکھڑی کے بعد پی سی بی گورننگ بورڈ میں شامل کے آر ایل کے نمائندے ایاز بٹ نے بھی پی سی بی کو خط لکھ کر کوئٹہ واقعے پر معذرت کرلی۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق ایاز بٹ نے پی سی بی کے چیئرمین کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا کہ کوئٹہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پرپیش آیا اور قراداد کے حوالے سے انہیں غلط بریفنگ دی گئی تھی، ایاز بٹ نے چیئرمین پی سی بی اور بورڈ کی تمام پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ بغاوت میں نعمان بٹ کا ساتھ دینے والے دیگر 2 اراکین شاہ دوست اور کبیر احمد خان بورڈ کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد سے بورڈ اراکین کیساتھ رابطے میں ہیں، آئندہ چند روز میں دیگر دو اراکین بھی نعمان بٹ کا ساتھ چھوڑ جائیں گے۔
گورننگ بورڈ کے رکن ایاز بٹ کی حمایت کے بعد فیصلہ سازی میں در پیش مشکلات ختم ہوگئی ہیں اور آئند ہ چند روز میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے ذریعے اہم فیصلے کرے گا۔