( در نایاب ) ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کا غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، غیر قانونی کمرشل کنورژن پر عمارتیں اور ورکشاپ مسمار کردی گئی۔
ایل ڈی اے نے ناز ٹاؤن میں غیر قانونی دکانوں کو مسمارکردیا ہے، بھاری مشینری سے جوہر ٹاؤن پلاٹ نمبر 52،53 اے پر غیر قانونی عمارت مسمار کردی گئیں۔ پلاٹ نمبر 436 بلاک ای کی رہائشی عمارت کی غیر قانونی کمرشل تبدیلی پر مسمارکیا گیا۔
پلاٹ نمبر 136 ایف پر غیر قانونی تعمیر اور پی آئی اے لنک روڈ پر غیر قانونی ریسٹورنٹ کومسمارکردیا گیا۔ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اظہرعلی نے عملے کے ساتھ کارروائی کی جبکہ پولیس بھی موقع پر موجود تھی۔
دوسری جانب پی ایچ اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی نے کی۔ اجلاس میں گزشتہ بورڈ فیصلوں پرعمل درآمد کی منظوری دی گئی، پی ایچ اے کے 2020 اور 2021 کے سالانہ بجٹ کی منظوری کا فیصلہ بھی ہوا۔
اجلاس میں پی ایچ اے ملازمین کیلئے یوٹیلٹی الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی۔ جیلانی پارک میں ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کیلئے زپ لائن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایچ اے کے ریونیو کو بڑھانے کیلئے تجاویز پیش کی گئی اور کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا جبکہ پارکوں میں کینٹین اور جھولوں کی وصولیوں کیلئے دو ماہ کا ریلیف دیا گیا۔
ڈیجیٹل میڈیا کی وصولوں میں1 ماہ کا ریلیف دیا گیا۔ پارکوں میں پارکنگ فیس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی جی پی ایچ اے جواد قریشی سمری تیار کرکے منظوری وزیراعلی سے لیں گے۔