جنید ریاض: تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام سیکنڈری سکول ضمنی امتحان سات نومبرسے شروع ہوں گے، چیرمین لاہور بورڈ پروفیسر ریاض ہاشمی نے کہا ہے کہ ضمنی امتحان کے لئے داخلہ فارم جمع کروانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ لاہور کے زیرِ اہتمام سات نومبر سے شروع ہونے والے سیکنڈری سکول ضمنی امتحان کے اُمیدوار ان کے لئے داخلہ فارم جمع کروانے کا عمل جاری ہے، شیڈول کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ 28ستمبر، دو گنا 05 اکتوبر اور تین گنا فیس کے ساتھ 12 اکتوبر تک حبیب بنک کی کسی بھی برانچ میں داخلہ فارم جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب فنی تعلیمی بورڈ پنجاب کا رزلٹ تاحال التوا کا شکار، نتائج جاری نہ ہونے سے ایک لاکھ بیس ہزار طلباء نئی کلاسوں میں داخلہ لینےسے قاصرہیں، رواں سال ٹیکنیکل بورڈ کےتحت ایک لاکھ بیس ہزار طلباء نے امتحان دیا تھا، جو اب تک نتائج کےمنتظر ہیں۔
فنی تعلیمی بورڈ کا کہنا ہےکہ بغیر امتحانات بچوں کو پاس کرنے کے لیے آرڈنینس جاری ہونا ہے، کابینہ کمیٹی کو دو ماہ قبل آرڈینینس جاری کرنے کیلئے فائل بھجوائی گئی ہے، فنی تعلیمی بورڈز کے تحت امتحانات کے نتائج جاری نہ ہونے سے طلباء پریشان ہیں، امید ہےآئندہ ہفتے تک آرڈینینس جاری ہوجائےگا۔