( سٹی 42 ) ہربنس پورہ میں ایک اور حوا کی بیٹی شوہر کے ظلم کا نشانہ بن گئی، ظالم شوہر نے مبینہ طور پر کرنٹ لگا کر اور منہ پر تکیہ سے سانس روک کرقتل کرکے فرارہوگیا، پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا۔
ہربنس پورہ کے علاقہ میں گھریلو لڑائی جھگڑے پر گھر جمائی نے 28 سالہ سندس نامی خاتون کو مبینہ طور پر شوہر رمضان عرف سنی نے ٹانگوں کو کرنٹ لگا کر اور منہ پر تکیہ سے سانس روک کر قتل کردیا۔ سندس کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی کام سے شیخوپورہ گئی تھی کہ اس کے بیٹے عمر نے بتایا کہ سندس کے کمرے کو تالہ لگا ہے اور داماد سنی گھر سے سندس کا فون لے کر غائب ہے۔ سندس کی والدہ کے کہنے پر جب اس کے ماموں نے روشن دان سے دیکھا تو کمرے میں وہ مردہ حالت میں پڑی تھی۔
پولیس نے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مقتولہ کی لاش کو مردہ خانے پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوادیا ہے جبکہ سنی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دوسری جانب موقع سے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے لیبارٹری بھجوادیے ہیں۔