(زاہد چودھری) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں سینیٹ کا 10 واں اجلاس، طبی تحقیق کو فروغ دینے کیلئے یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں سینیٹ کے 10 ویں اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم خان سمیت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ اور فنانس کے نمائندوں سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں یونیورسٹی کے رواں مالی سال کے بجٹ کا جائزہ لیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نیا سٹیٹ آف دی آرٹ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ بنانے کا حکم دیا گیا، وی سی کنگ ایڈورڈ نے اجلاس میں یونیورسٹی میں جاری درس و تدریس کی سرگرمیوں سمیت پوسٹ گریجوایشن پروگرامز پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ کا شعبہ قائم کیا جائے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ریسرچ کو فروغ دے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ قدیم اور بہترین طبی درسگاہ ہے اس لئے کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کو طبی تحقیق میں رول ماڈل بننا چا ہیے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزیدکہنا تھا کہ طب کے شعبے میں تحقیق سے ہی جدید علاج کی فراہمی ممکن ہوسکتی ہے اس لئے ریسرچ پر خصوصی فوکس کیا جائے۔