وقاص احمد: گرینڈ ہیلتھ الائنس کےکارکن مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے، شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، اذیت میں مبتلا شہریوں نے سڑکوں کی بندش پر غم وغصے کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی فیصلوں کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں ینگ ڈاکٹرز اورپیرا میڈکس آج بھی سڑکوں پر نکل آئے، شہر کے بڑے ہسپتالوں کے باہر ہونے والے مظاہروں سےٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، جس پر مسافروں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج کےباعث مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، شاہراہ فاطمہ جناح، کینال روڈ پر ٹریفک رک گئی جبکہ ہسپتالوں کے اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔
احتجاج کے باعث متاثر ہونیوالی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز نے رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کو متبادل سڑکوں پر موڑ دیا، احتجاج ختم ہونے کے بعد سڑکیں بحال کر دی گئیں۔