علی ساہی: پنجاب حکومت کو لینے کے دینے پڑگئے، جیل کے ایک خراب پنکھے نے اصلاحات کے تمام پول کھول دئیے، جیلوں کے پنکھے ٹھیک کروانے کے لئےحکومت کو 50کروڑ خرچ کرنا پڑیں گے، جیل حکام نےلاہور کی دونوں جیلوں سمیت صوبہ بھرکے لئے 12ہزار پنکھوں، وائرنگ سمیت دیگرمتعلقہ ضروریات کے لئے 50کروڑ کے فنڈز مانگ لئے۔
تفصیلات کے مطابق جیل کا ایک خراب پنکھا اور قیدیوں کی بیرک میں آہستہ چل رہا تھا جس کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لیا تھا جس پر جیل حکام نے پول کھول دیا کہ جیلیں بننے کے بعد کبھی دوبارہ پنکھے فراہم ہی نہیں کئے گئے، اب لاہور کی دونوں جیلوں سمیت پنجاب بھر کی 42 جیلوں کے لئے حکومت کو 50کروڑ خرچ کرنا پڑیں گے۔
وزیراعلیٰ نے چند ماہ قبل جیل کے دورے پر پنکھا آہستہ چلنے پر سپرنٹنڈنٹ ملتان جیل کو بھی معطل کیا تھا،اسی دورے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جیلوں میں قیدیوں کے لئے لگائے گئے پنکھوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، جیل حکام نے 12ہزار پنکھوں، جیلوں کی کئی کئی دہائیاں پرانی وائرنگ سمیت دیگر اشیا متعلقہ تبدیل کرنے کے لئے تفصیلات حکومت کو بھجوادیں ۔
جیل حکام کے مطابق لاہور کی دونوں جیلوں کے لئے 900پنکھے درکار ہوں گےکیونکہ ضرورت کے تحت پنکھے ہرسال مخیرحضرات کی جانب سے مہیا کئے جاتے تھے جبکہ حکومت کوڈیمانڈ بھجوانے کے اشیا کی فراہمی نہیں کی جاتی ہیں، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ اورمحکمہ جیل کی جانب سے تیارکردہ تخمینہ 50 کروڑ ہے جس کی سمری بھجوادی گئی ہے۔