(قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان کل ایک روز دورے پر لاہور آئیں گے،کل پی ٹی آئی کے پہلے فلیگ شپ منصوبے فردوس انڈر پاس کا افتتاح کریں گے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے۔ وزیراعظم کل پی ٹی آئی کے پہلے فلیگ شپ منصوبے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ ایوان وزیراعلی میں وزیراعظم کو والٹن ائیرپورٹ کی جگہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنانے کے منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کو ریور راوی پراجیکٹ پر ہونیوالی پیشرفت پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ایوان وزیراعلی میں وزیراعظم کابینہ کے اہم اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔صحت کے جاری منصوبوں اور ہیلتھ کارڈ جاری ہونے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کورونا سے نمٹنے کے لئےکئے جانےوالے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے لاہور میں ریور راوی منصوبے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اجلاس کیا،ان کا کہناتھا کہ عوام کو درپیش مہنگائی کی وجہ سے مجھے سب سے زیادہ تکلیف محسوس ہوتی ہے، ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ریور راوی منصوبہ پانی کی کمی اور آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنایاجائے گا۔ دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ وزیراعظم نے کابینہ کے سینئر اراکین کے ساتھ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
اپنے مختصردورہ لاہور کے دوران انہوں نے مزید کہا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینےکیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔