پولیس کا پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن

پولیس کا پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاؤن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( وقاص احمد ) مصری شاہ کےعلاقے میں پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن، پولیس نے پتنگ بازی کے شبہ میں شادی والے گھرپر چھاپہ مارا تو اہل علاقہ نے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، دھکم پیل کے دوران ایک خاتون اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مصری شاہ میں پولیس نے پتنگ بازی کے شبہ میں گھر پر چھاپہ مارا،اہل علاقہ نے اہلکاروں کو یرغمال بنالیا اور دھکم پیل کے دوران ایک خاتون بے ہوش ہوگئی۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس کی گاڑی پر پتھراؤ کیا جس سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اور پولیس وین بھی متاثر ہوئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار شادی والے گھر میں زبردستی داخل ہوئے۔ روکنے پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس تشدد سے ایک خاتون زخمی ہوگئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جس طرح معمر خاتون کو تشدد اور سیڑھیوں سے دھکا دیا گیا ہم نے سمجھا اسکی ہلاکت واقع ہوئی تاہم اس کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ اہل خانہ نے جھوٹ بولا اور جھوٹ کا جواز بنا کر تشدد کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا جہاں اہل خانہ نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، تحقیقات جاری ہیں۔ واقعہ کے اصل حقائق جاننے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔