سٹی42 : گریٹر اقبال پارک لاہور میں پولیس اہلکار کی جانب سے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع گریٹر اقبال پارک کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے شہری پر سرعام تشدد کیا جا رہا ہے، ویڈیو میں پولیس اہلکار کو شہریوں سے تکرا کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کی تفصیلات سامنے آنے پر پتا چلا کہ گریٹر اقبال پارک لاہور میں پولیس اہلکار مقررہ وقت سے پہلے جھولے بند کرنے کی وجہ پوچھنے پر طیش میں آ گیا اور جھولے والوں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، اہلکار نے وہاں موجود لوگوں سے بدتمیزی بھی کی۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے پولیس اہلکار کی جانب سے شہریوں سے ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکار کیخلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران کا واقعے کے حوالے سے کہنا ہے کہ شہریوں سے توہین آمیز رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈی آئی جی آفس میں روزانہ کی بنیاد پر شکایات سنی جاتی ہیں۔