(ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کی انتخابی اصلاحات کا عمل شروع کرنے کی منظوری، سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنے پر نظر ثانی کا فیصلہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم میاں شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا,اعلامیہ میں وفاقی کابینہ نے الیکشن ترمیم 2022 بل منظور کر لیا ہے بل منظوری کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔کابینہ نے گونرپنجاب کی تعیناتی کی وزیراعظم کی سمری کی توثیق کر دی ہے۔وزارت داخلہ نے کابینہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق جبری گمشدگیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ۔
ذرائع ابلاغ کےمطابق وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات کا عمل شروع کرنے کی منظوری دے دی، ترامیمی بل 2022 کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی، سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنے پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہےاس حوالے سے وفاقی حکومت الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گی۔
وفاقی کابینہ کا کہناتھا کہ سابقہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو اعتماد میں لیے بغیر قانون سازی کی ، الیکشن کمیشن کو سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے سے متعلق رپورٹ پر غور کیا جانا چاہئے ، الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق بھی رپورٹ پر غور کرنا چاہئے،اوورسیز پاکستانیز اور ای وی ایم کی ووٹنگ طریقہ کار پر پہلے پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے۔
وفاقی کابینہ کا مزید کہناتھا کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ووٹ ڈالنے کے لئےپائلٹ پروجیکٹ شروع کرے ،پائلٹ پروجیکٹ کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی، رپورٹ کی روشنی میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئےووٹ کے طریقہ کار کا قبل عمل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ ہو گا۔