ویب ڈیسک:متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں واقع ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے دو افراد ہلاک اور 120 زخمی ہوگئے۔
پولیس اور محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ابوظہبی کے پوش علاقے الخالدیہ میں واقع ایک ریستوران میں دوپہر ایک بجے کے آس پاس پیش آیا ہے۔
اخبار الامارات الیوم کے مطابق زخمیوں کوعلاج کے لیے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے سے ریستوران کی عمارت میں آگ لگنے سے متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا اور قریبی واقع کئی عمارتوں کے سامنے کے حصے ٹوٹ گئے۔
فرق #شرطة_أبوظبي وهيئة أبوظبي للدفاع المدني تخلي 4 بنايات سكنية من جميع السكان بسلامة،نتيجة تأثر بعض واجهاتها من جراء الإنفجار وجاري العمل على توفير مساكن مؤقتة إلى حين الإنتهاء من تأمين البنايات بشكل كامل .@adcda997
— شرطة أبوظبي (@ADPoliceHQ) May 23, 2022
واقعے کے 6 گھنٹے بعد ابوظہبی پولیس حکام نے ایک ٹویٹ میں اطلاع دی کہ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے 120 افراد میں سے 56 کو شدید نوعیت کے جبکہ 64 کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں جنہیں طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ابوظہبی پولیس نےعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر مبنی خبروں پر توجہ نہ دی جائے۔
ابوظہبی پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔