حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا

حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا، دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری،  ایف سی اور رینجرز طلب کرلی،  کنٹینر لگا کر ڈی چوک کو سیل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاورت سے تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوا دیں، پی ٹی آئی مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پنجاب کانسٹیبلری کے 8 ہزار اور اینٹی رائٹس فورس اور سندھ پولیس کے 2، 2 ہزار اہلکارطلب کیے گئے ہیں جبکہ 500 خواتین اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی، رینجرز کے 4 ہزار اہلکار بھی وفاقی دارالحکومت میں تعینات کیے جائیں گے، صوبوں سے قیدیوں کی 100 گاڑیاں اور آنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی مانگ لیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج رات سے دیگر صوبوں سے بلائی گئی نفری پہنچنا شروع ہو جائے گی جبکہ آپریشنل پولیس کوآج قیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان فراہم کر دیا جائے گا، پولیس نے لانگ مارچ کی راہ روکنے کے لیے ڈی چوک کو سیل کردیا اور وہاں کنٹینر لگاکر آنے جانے کا راستہ بھی بند کردیا، وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے لئے 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مارچ کو روکنے کیلئے موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ رات گئے تک وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کو بھی سیل کر دیا جائے گا، اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے بھی سیل کیے جائیں گے

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کی تجویز بھی دی گئی جس کے بعد حکومت اور اتحادیوں کے درمیان پی ٹی آئی کو قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کرکے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا  جس کے بعد پی ٹی آئی کو سری نگر ہائی وے تک ہی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔