شہزاد خان ابدالی: ضلعی انتظامیہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام، گلبرگ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ کردیا۔
بنیادی اشیائے ضروریہ عوامی دسترس سے باہر ہونے کے بعد عوام کو مہنگائی کا ایک اور تحفہ دے دیا گیا۔گلبرگ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں 2روپے کا اضافہ کردیا۔ اب لاہوریوں کو روٹی 8 روپے کے بجائے 10 روپے میں ملے گی۔ روٹی کی قیمت بڑھنے پر لاہوریوں کے صبر کا جواب دے گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو گھاس کھانے کا مشورہ دے دں کیونکہ روٹی تو مہنگی ہوگئی ہے۔
دوسری جانب روٹی کی قیمتیں بڑھانے والے نان بائیوں نے بھی تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ان کا کہنا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 سے بڑھ کر 1100روپے تک پہنچ گیا ہے۔ روٹی مہنگی نہ کریں تو کیا کریں، اب مرنا آسان اور جینا مشکل ہوگیا ہے۔
دوسری جانب برائلر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے، کھپت کے مقابلے میں سپلائی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے برائلر کی قیمتیں 7 روپے تک بڑھا دی گئیں۔ برئلر گوشت کی قیمت 444 روپے کلو سے بڑھا کر 451 روپے کلو مقرر کردیا گیا۔ ہول سیل زندہ برائلر 303 روپے کلوپرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر 311 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سات دنوں میں برائلر41 روپے کلو تک مہنگا ہوچکا ہے.