عید پر ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے

عید پر ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جنید ریاض) عیدالفطر کے موقع پر لاری اڈا بادامی باغ میں شہریوں کا معمولی رش، حکومتی ایس او پیز نظر انداز، سواریاں کم ہونے پر ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے۔

لاہور سمیت ملک بھر میں  آج عیدالفطر کورونا وائرس اور طیارہ حادثے کے باعث سادگی کے ساتھ   منائی جارہی ہے۔شہر بھر میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ نماز عید کے بھرپور اجتماعات میں لاکھوں فرزندان اسلام نےشرکت کی ، ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی کیلئے خصوصی دعائی کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق بادامی باغ لاری اڈا پر عیدالفطر کے روز بھی شہری اپنے آبائی علاقوں کو جانے کیلئے خوار ہوتے دکھائی دیئے، رش زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے شہریوں سے منہ مانگے کرائے وصول کیے۔مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز فی سواری دوسو سے تین سو روپے اضافی وصول کررہے ہیں۔

کورونا وائرس کے پیش نظر لاری اڈے پر ہینڈ سینی ٹائزر اور ماسک کا استعمال بھی کم دیکھنے میں آیا جبکہ شہریوں کیجانب سے معاشرتی فاصلے کا بھی خاص خیال نہیں رکھا گیا۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ مسافروں سے ریٹ لسٹ کے مطابق کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔

 اس بار عید الفطر کے موقع پر لاہورکے مختلف بس اڈوں پر حکومتی دعوؤں کے باوجود مسافروں کی حفاظت کیلئے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جاسکے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے خود سے معاشرتی فاصلہ قائم رکھنے کی کوشش کریں۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا وائرس لاہور میں  تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹے میں 28 نئے مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کنفرم مریضوں کی تعداد 8805 ہوگئی، 71 روز میں 123 افراد کورونا کاشکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں، سرکاری وپرائیویٹ ہسپتالوں میں کوروناکے 501  مریض زیر علاج ہیں ، جبکہ 63 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں،28 کی حالت تشویشناک ہے۔

یاد رہے کہ 24 مارچ سے لاہور میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نافذ لاک ڈاؤن میں ڈبل سواری  اور ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد تھی،    16 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید کے پیش نظر انٹرسٹی اور انٹرڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی تھی جبکہ پنجاب حکومت نے مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ بسوں میں سینی ٹائزر اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer