"شہری عید پر ماسک ضرور پہنیں اور بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیر اعلیٰ  پنجاب کورونا وبا اور کراچی واقعہ کےباعث عید سادگی سےمنا رہے ہیں، کہتے ہیں کہ زندگی کا معاملہ ہے، عید پر بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔

لاہور سمیت ملک بھر میں  آج عیدالفطر کورونا وائرس اور طیارہ حادثے کے باعث سادگی کے ساتھ   منائی جارہی ہے، شہر بھر میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ نماز عید کے بھرپور اجتماعات میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی ،ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں.

  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کی نماز وزیراعلیٰ آفس کے لان میں ادا کی،  وزیر اعلیٰ پنجاب نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی، اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکورونا اور طیارہ حادثے کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئےبھی خصوصی دعا کی، انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، کہتے ہیں کہ ہمیں آج شہداء کے اہل خانہ کو بھی یاد رکھنا ہے، شہداء کے لواحقین کے غم میں پوری طرح شریک ہیں، دعا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل طے کرے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نےعید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ ماہ صیام کے بعد عید الفطر یقینا اللہ کریم کا بہترین انعام ہے، عید الفطر مسلمانوں کے لیے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، کورونا کے غیر معمولی حالات کی وجہ سے یہ عید غیرمعمولی ہے، کورونا کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ی اور تنگ دستی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں، عید پر انہیں مت بھولیں۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، اپنےارد گرد سفید پوش افراد کی مدد کرکےاللہ تعالیٰ کو راضی کیجیے۔

Sughra Afzal

Content Writer