زاہد چوہدری: لاہور میں جناح ہسپتال کے بورڈ آف مینجمنٹ کی 4 سالہ مدت مکمل ہونے پر ایک پُروقار تقریب ،جس میں نگران وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی سمیت صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور پرنسپل پروفیسر ندیم حفیظ بٹ سمیت بورڈ ممبران اور فیکلٹی نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز کی گرانقدر خدمات کو سراہا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ سکل لیب اور گرلز ہاسٹل کی تزئین و آرائش کا منصوبہ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک سال میں 14 لاکھ 70 ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 7 ارب بجٹ سے مارکیٹ ریٹ کےمطابق 18 ارب کی خدمات مہیا کی گئیں۔
گوہر اعجاز نے حاضرین کو مزید بتایا کہ جناح ہسپتال کی او پی ڈی میں اڑھائی ارب روپے کی سالانہ خدمات دی جارہی ہیں جہاں مہنگے ہسپتالوں کے ریٹ کے مطابق یہ خدمات 36 ارب روپے کی بنتی ہیں۔ جناح ہسپتال میں 40 کروڑ کےعطیے سے 4 جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹر بھی بنائے گئے۔ جہاں روزانہ 3 مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ہسپتال کو آئی ٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا عمل 25 کروڑ کےعطیے سے مکمل کیا گیا۔ گوہر اعجاز فاؤنڈیشن کے چیئرمین گوہر اعجاز نے حاضرین کو بتایا کہ فاؤنڈیشن جناح ہسپتال پر سالانہ 1 ارب روپے کا عطیہ خرچ کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ گوہر اعجاز کی سربراہی میں بورڈ نے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ یہاں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر ہسپتال کو اگر ایک گوہر اعجاز مل جائے تو حالات یکسر بدل سکتے ہیں، جناح ہسپتال میں دل کے امراض کے علاج کو بہتر بنانا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جناح ہسپتال کی فیکلٹی شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے۔