(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت انتہائی گرم ہے، سیاستدانوں ، تجزیہ کاروں کی جانب سے مختلف پیشگوئیاں اور دعوے کیے جارہے ہیں، مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے بھی عمران خان کےحوالے سے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا۔
مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملکی سیاست کے لیے آنے والے دو تین دن بہت ہی اہم اور مشکل ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دور ختم ہوچکا، قومی اسمبلی میں عمران خان کی اکثریت نہیں رہی، اب ہر جگہ سے اپوزیشن کے حق میں فیصلے آرہے ہیں،عمران خان کےساتھ دھوکا ہورہا ہے، ان کے اپنے لوگ انہیں دھوکا دے رہے ہیں ، عمران خان غصے میں آکر جلسے میں استعفیٰ دینے کا اعلان کر سکتے ہیں۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی حکومت تھی جسے اسٹیبلشمنٹ نے بالکل کھلی چھوٹ دی تھی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے بھی بڑا دعویٰ کردیا، کہتے ہیں عمران خان کے پاس کوئی کارڈ نہیں رہ گیا، پی ٹی آئی کے 11 لوگ اور 2 وفاقی وزیر آ رہے ہیں، اس کے علاوہ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں، وہ سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کیلئے رابطے کررہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے 27 مارچ کو اسلام آباد کی پریڈگراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے۔